Home » کروناوائرس سے سندھ پولیس کے 16اہلکار جاں بحق، 2580 متاثر

کروناوائرس سے سندھ پولیس کے 16اہلکار جاں بحق، 2580 متاثر

by ONENEWS

فوٹو: آن لائن

کرونا وائرس سے 2580 پولیس اہلکاروں متاثر اور 16 جاں بحق ہوچکے، تاحال 960 اہلکار صحتیاب ہوچکے جبکہ 1604 زیر علاج ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں پبلک سیفٹی اینڈ پولیس کمپلینٹس کمیشن کے اجلاس کرونا وائرس سے متاثرہ پولیس اہلکاروں کی تفصیلات پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، ایم پی ایز شرجیل میمن، امداد پتافی، محمد علی عزیز، حسنین مرزا، شمیم ممتاز، ڈاکٹر شجیلہ لغاری، کرامت علی، ناظم حاجی، بیرسٹر حیا ایمان، روبینہ بروہی، جھامت مل، قربان ملانو، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، آئی جی پولیس مشتاق مہر، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، اے سی ایس ہوم عثمان چاچڑ، سیکریٹری خزانہ حسن نقوی کمیشن کے سکریٹری سیف اللہ ابڑو اور دیگر نے شرکت کی۔

آئی جی سندھ پولیس مشتاق مہر نے اجلاس کو بتایا کہ پولیس اہلکار کرونا وائرس کی وباء کے دوران بھی بلاخوف و خطر فرنٹ لائن ورکر کی حیثیت سے اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ کرونا وائرس سے اب تک 2 ہزار 580 پولیس اہلکار متاثر ہوچکے ہیں، جن میں سے 16 اہلکار اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، اس وقت تک 960 اہلکار صحتیاب ہوچکے جبکہ 1604 زیر علاج ہیں۔

آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کو کرونا وائرس کی وباء کے دوران ضروری تربیت فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ اپنی ڈیوٹی بحفاظت ادا کرسکیں۔

پبلک سیفٹی کمیشن نے وبائی امراض کے دوران فرض شنانی کے ساتھ اپنی ڈیوٹی سرانجام دینے پر سندھ پولیس کو سراہا۔ سیکریٹری کمیشن سیف اللہ ابڑو نے اجلاس کو بتایا کہ پولیس افسران کیخلاف دائر عوامی شکایات کو متعلقہ کمیٹیوں نے نمٹا دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سکھر کے واٹر پارک سے متصل زمین پر قبضہ کرنے کیلئے دباؤ ڈالنے پر ایک سابق پولیس افسر کیخلاف شکایت درج کروائی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ تفتیش کے بعد ایف آئی آر درج کی گئی اور یہ کیس عدالت میں ہے۔

رکن سندھ اسمبلی محمد علی عزیز نے شہر میں بڑھتے اسٹریٹ کرائم کا معاملہ اٹھایا۔ جس پر وزیراعلیٰ سندھ  نے کہا کہ اگلے اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی کو بلایا جائے گا تاکہ ممبران کو اسٹریٹ کرائم اور پولیس کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔

اراکین نے پبلک سیفٹی کمیشن کے افسران کو گاڑیاں فراہم کرنے کا معاملہ بھی اٹھایا۔ وزیراعلیٰ سندھ  نے کہا کہ سپریم کورٹ نے گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد کر رکھی ہے لہٰذا گاڑیوں کی خریداری روک دی گئی ہے، جب عدالت اجازت دے گی تو ہم گاڑیاں خریدیں گے۔

کمیشن کے ممبران نے بچوں کیخلاف غیراخلاقی سرگرمیوں میں ملوث مجرموں کی گرفتاری پر خیرپور پولیس کی تعریف کی۔ ممبران نے امید ظاہر کی کہ اس معاملے میں مناسب تفتیش کی جائے گی تاکہ پورے گینگ پر مقدمہ دائر کیا جاسکے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کمیشن کا اگلا اجلاس اگست میں طلب کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے کمیشن کا اجلاس نہیں ہوسکا لیکن اب اس کا اجلاس مقررہ وقت پر کیا جائے گا۔

You may also like

Leave a Comment