Home » کراچی کے منفرد علاقوں پر مختلف زبانوں میں گانے

کراچی کے منفرد علاقوں پر مختلف زبانوں میں گانے

by ONENEWS

کسی بھی شخص کی پہچان اس کا آبائی علاقہ اور اس کی زبان ہوا کرتی ہے اور دنیا بھر کے لوگ اپنی مادری زبان سے محبت کرتے ہیں، اسی بات کے پیش نظر شہر قائد میں واقع چند علاقوں کے بسنے والوں کیلئے ان کی اپنی زبان میں گانے ریلیز کئے جارہے ہیں۔

پروڈیوسر حمزہ جعفری کی تخلیق کردہ برادری براڈکاسٹ نے روایتی موسیقی کے ساتھ کراچی کی 6 پرانے علاقوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے 6 زبان میں 6 گانے پیش کرنے جارہے ہیں ۔

برادری براڈکاسٹ کے نمائندے نے سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ یہ اقدام لسانی اکائیوں کے درمیان بھائی چارگی کو مزید فروغ دینے کیلئے اٹھایا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ اس پراجیکٹ کیلئے کراچی کے 6 علاقوں کا انتخاب کیا گیا ہے جس میں چاکیواڑہ ، سعید آباد ، لیاری نو آباد ، شیریں جناح کالونی ، پاپوش نگر اور پہلوان گوٹھ شامل ہیں ۔

جبکہ ان گانوں پاکستان میں بولے جانے والی 6 زبانوں میں ترتیب دیا گیا ہے جس میں سندھی ، پنجابی ، بلوچی ، پشتو ، کچھی اور اردو زبان شامل ہے ۔

انتظامیہ کے مطابق اب تک دو گانے جس میں چاکیواڑہ (بریں) اور سعید آباد (سعید آباد کی صدا ) کو ریلیز کیا جاچکا ہے جبکہ دیگر گانوں کو آئندہ دنوں میں ریلیز کیا جائے گا جس میں شیریں جناح کالونی کیلئے (پشتو) ، پاپوش نگر کیلئے (اردو قوالی) ، پہلوان گوٹھ کیلئے (پنجابی اور پشتو) ، لیاری نو آباد کیلئے(سندھی اور کچھی) زبان میں گانے تیار کئے گئے ہیں۔

https://www.youtube.com/watch؟v=-aXPLfRSIio

گانا سعید آباد کی صدا اردو زبان میں ہے جسے سید اسد علی نے گایا ہے جبکہ چاکیواڑہ (بریں ) بلوچی زبان میں ہے جسے سہیل بلوچ ، بابر علی، عادل بلوچ اور عاصم بلوچ نے گایا ہے ۔

https://www.youtube.com/watch؟v=A4Ah_Hzvg1Q

کراچی کے علاقے چاکیواڑہ پر مبنی بلوچی گانے کا اردو ترجمہ کچھ اس طرح ہے ۔

وہاں دوستوں کے محبت کی یادگاریں ہیں
میں خیالوں میں گم انکی راہیں تکتا ہوں
میں ایک دن آؤں گا اپنے علاقے اور محلے کو دیکھنے کیلئے

چلو چلو چاکیواڑہ
آو چلیں چاکیواڑہ

ہم سب لاکھوں کی تعداد میں ہیں
ہم لاکھ نہیں بلکہ اصل میں ہم سب ایک ہیں

ہمارے دل اب جھگڑے فساد سے بیزار ہیں
اور ہم نے نا اتفاقی کی آگ کو بجھا دیا ہے

ہمارے خون کا تو رنگ ایک ہے
تو پھر کیوں ہم لڑیں
اور ہمارے دل کیوں ایک دوسرے سے تنگ ہوں

ایک آگ جل رہی تھی
اب آگ بجھ گئی ہے
وہ آگ ہم نے بجھائی ہے
اب دیکھو کتنے پیارے لگ رہے ہیں
ہمارے گلی اور محلے

ہم محنت کرنے والے لوگ ہیں
ہماری پیشانیاں محنت سے چمک رہی ہیں
راستے کتنے ہی کٹھن کیوں نہ ہوں
ہمارے پاؤں کبھی لرزتے نہیں
اور سنو یہاں موسیقی کی آوازیں
باکسنگ اور فٹبال ہمارے دلوں میں بستے ہیں

یہ چاکیوڑہ
جاروک کا علاقہ ہے
استاد قاسم ، خالق جمعہ
ہمارے علاقے کا حسن تھے

چلو چلو چاکیواڑہ
آؤ چلیں چاکیواڑہ

سندھی ، کچھی اور بلوچ ایک ساتھ رہتے ہیں
پنجابی اور مختون بھی ہمارے ہمراہ ہیں
جھٹ پھٹ،غریب شاہ سے لے کر رنگیوراہ تک
چلو چلو چاکیواڑہ

اس سے قبل سال 2019 میں ‘برادری براڈکاسٹ’ کے زیر اہتمام 10 علاقائی زبانوں کی موسیقی کا ملاپ پیش کیا گیا ہے،اس پراجیکٹ میں پاکستان بھر سے کئی فنکار شامل کیے گئے ہیں۔

اس پراجیکٹ میں سندھی، بلوچی، پشتو، پنجابی ،سرائیکی، مارواڑی ، شینا، ہندکو اور اردو زبان کے مختلف نئے گانے پیش کئے گئے تھے ۔

.

You may also like

Leave a Comment