Home » پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف 20 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا

پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف 20 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا

by ONENEWS

شان مسعود، عباس اور حارث ڈراپ

جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 20رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔

جبوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں بابراعظم کپتانی کریںگے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، عبداللہ شفیق، عمران بٹ، اظہر علی، فواد عالم، کامران، سلمان علی آغا، سعود شکیل، فہیم اشرف، محمد نواز، محمد رضوان، سرفراز احمد، نعمان علی، یاسر شاہ، ساجد خان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور تابش خان شامل ہیں۔

دورہ نیوزی لینڈ میں خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر شان مسعود، نسیم شاہ، محمد عباس، ظفر گوہر اور حارث سہیل کو ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا۔ جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کیلیے اعلان کردہ اسکواڈ میں 9کھلاڑی ایسے ہیں جو اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کی۔

قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیے گئے 9نئے کھلاڑیوں میں اوپنرز عبداللہ شفیق اور عمران بٹ کے علاوہ مڈل آرڈر بیٹسمین کامران غلام، سلمان علی آغا اور سعود شکیل سمیت اسپنرز نعمان علی، ساجد خان ، فاسٹ باؤلرز تابش خان اور حارث رؤف شامل ہیں۔ان کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی بدولت قومی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

آلراؤنڈر حسن علی کی دو سال بعد قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ قائداعظم ٹرافی میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر آلراؤنڈر حسن علی کو ٹورنامنٹ اور فائنل کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔اس سے قبل 9 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے حسن علی نے آخری مرتبہ جنوبی افریقہ کے خلاف جوہانسبرگ میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔

انہوں نے قائداعظم ٹرافی میں 43 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 273 رنز بھی بنائے تھے۔ ایونٹ کے فائنل میں 129 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے حسن علی نے دوسری اننگز میں 106 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ وہ پہلی مرتبہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بننے والے تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،یہ نو کھلاڑی اب کرکٹ کے سب سے اہم فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے سے صرف ایک قدم دور ہیں۔

چیف سلیکٹر نے کہا کہ جو کھلاڑی قومی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے، وہ پرعزم رہیں اور اپنی فارم اور فٹنس پر کام کرتے رہیں کیونکہ ابھی رواں سال پاکستان کو بہت کرکٹ کھیلنی ہے اور لہٰذا ممکنہ طور پر انہیں دیگر مواقع پر نمائندگی کا موقع مل سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شان مسعود، محمد عباس اور حارث سہیل کی کارکردگی میں تسلسل نہیں تھا، جس کے باعث انہیں اسکواڈ سے ڈراپ کیا گیا ہے تاہم پی سی بی نے ان کھلاڑیوں پر بہت سرمایہ کاری کررکھی ہے ، لہٰذا انہیں نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں مدعو کرلیا گیا ہے جہاں موجود کوچز ان کی تکنیکی خامیوں پر کام کریں گے۔

واضح رہے کہ ٹیسٹ سیریز میں شرکت کی غرض سے قومی اسکواڈ 19جنوری کو بائیو سیکیور ببل میں داخل ہوگا جبکہ 16 رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل کردیا جائے گا۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین 2ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 26جنوری سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔

.

You may also like

Leave a Comment