Home » پانچ غذائیں جنہیں دوبارہ گرم کرکے کھانا مضرصحت ہوسکتا ہے

پانچ غذائیں جنہیں دوبارہ گرم کرکے کھانا مضرصحت ہوسکتا ہے

by ONENEWS

دور جدید میں مصروفیات کے باعث وقت کی قلت کے سبب کھانا پکانے کے بعد اکثر فریج یا فریزر میں رکھ دیا جاتا ہے، جسے بھوک لگنے کی صورت میں وہاں سے نکال کر مائیکرو ویو یا چولہے پر رکھ کر گرم کرکے کھالیا جاتا ہے، یہ ایک عام سی بات ہے لیکن کچھ عمومی اشیائے خوراک ایسی بھی ہیں جنہیں پکانے اور فریز کرنے کے بعد دوبارہ گرم کرکے کھانا انتہائی مضر صحت ثابت ہوسکتا ہے۔ ہم ایسی 5 غذاؤں کے بارے میں بتارہے ہیں جنہیں دوبارہ گرم کرنے سے وہ زہریلی ہوسکتی ہیں۔

آلو : پوٹاٹو

آلو کسے پسند نہیں، یہ ایسی ایسی غذا ہے جسے ہر کوئی کھانا پسند کرتا ہے، ان کے بارے میں عام تاثر یہی ہے کہ آلو جلدی پکائے جاسکتے ہیں اور انہیں محفوظ کرنے کے بعد دوبارہ گرم کرکے کھایا جاسکتا ہے۔

آلو پکائے جانے کے بعد اگر انہیں کمرے کے درجہ حرارت پر چھوڑ دیا جائے تو ان میں بیکٹیریا پیدا ہو جاتا ہے، یہ بیکٹیریا فریزر میں جمانے سے بھی ختم نہیں ہوتا، جو صحت کیلئے مضر ہوتا ہے۔

آلو کو دوبارہ گرم کرنے کی صورت میں ان میں ‘کلوستریڈیم بوٹولیم‘ بیکٹیریا بن سکتا ہے۔ جرمن ویب سائٹ کے مطابق سب سے بہتر یہی بات ہے کہ آپ انہیں پکاکر استعمال میں لائیں اور فریج میں رکھنے سے گریز کریں۔

اگر آپ انہیں فریز کرنا ہی چاہتے ہیں تو پھر بہتر یہ ہے کہ پکانے کے فوری بعد انہیں فریز کرلیں۔ دوبارہ گرم کرنے کیلئے مائیکرو ویو کا استعمال ہر گز نہ کریں بلکہ کسی برتن میں ڈال کر چولہے پر کئی منٹوں تک دوبارہ گرم کرلیں۔

چاول

آلو کی طرح چاول میں بھی بیکٹیریا تیزی سے پھیل سکتا ہے اور گرم کرنے پر بھی ختم نہیں ہوتا، چاول میں بیکٹیریا کا یہ حصہ فوڈ پوائزنگ کا باعث بن جاتا ہے۔

ماہرین کا مشورہ ہے کہ آلو کی طرح یا تو صرف تازہ پکے ہوئے چاول ہی کھائیں اور اگر ناگزیر ہو تو انہیں پکاکر فوری طور پر ٹھنڈا کرکے محفوظ کرلیں۔

انڈے

انڈے پروٹین حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں لیکن ابلے ہوئے، تلے ہوئے، یا آملیٹ بنائے ہوئے انڈوں کو دوبارہ گرم کرنا انتہائی مضر صحت ثابت ہوسکتا ہے، زیادہ پروٹین والی خوراکوں میں نائٹروجن کی بڑی مقدار بھی موجود ہوتی ہے جو گرم ہونے پر زہریلی ہوسکتی ہے اور یہ سرطان کا سبب بھی بن سکتی ہے۔

انڈوں کو پکانے کے فوری بعد کھالیں، اگر بعد کیلئے استعمال میں لانا بھی ہے تو پھر مائیکروویو سمیت کسی بھی طرح دوبارہ گرم کرنے سے گریز کریں۔

مرغی کا گوشت

مرغ میں بھی انڈوں کی طرح پروٹین ہوتا ہے، یعنی اسے بھی ٹھنڈا کرنے کے بعد دوبارہ گرم کرنا خطرے سے خالی نہیں۔ مرغی کے گوشت میں موجود پروٹین کے اجزاء فریج سے نکالے جانے کے بعد بدل چکے ہوتے ہیں اور گرم کرنے کی صورت میں اس سے نظام انہضام متاثر ہو سکتا ہے۔

کھانے کا تیل

سورج مکھی، کنولا آئل اور کھانا پکانے کیلئے استعمال ہونے والے دیگر ایسے آئل جنہیں ٹھنڈا کمپریس کیا گیا ہوتا ہے، انہیں بھی دوبارہ گرم نہیں کیا جانا چاہئے۔

ایسے کوکنگ آئل میں اومیگا 3 ہوتا ہے جو حرارت کے بارے میں بہت حساس ہوتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق انہیں گرم کرکے کھانے سے گریز کرنا چاہئے۔

You may also like

Leave a Comment