Home » وائرل ویڈیو میں ووٹ فروخت کرنے والے ارکان کون ہیں

وائرل ویڈیو میں ووٹ فروخت کرنے والے ارکان کون ہیں

by ONENEWS

شوکت یوسفزئی کی تصدیق

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کچھ افراد نوٹوں کی گڈیاں گنتی کرکے بیگوں میں بھر رہے ہیں۔ کہا جارہا ہے کہ یہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے ارکان ہیں جو 2018 کے سینیٹ انتخابات میں ووٹ فروخت کرنے کے عوض یہ رقم وصول کر رہے ہیں۔

یہ ویڈیو گزشتہ رات اے آر وائی نیوز نے چلائی اور اس میں خیبرپختونخوا کے وزیر قانون سلطان محمد بھی رقم وصول کرتے نظر آرہے ہیں۔ سلطان محمد مبینہ طور پر ووٹ فروخت کرتے وقت قومی وطن پارٹی کے رکن تھے مگر بعد میں تحریک انصاف میں شامل ہوکر وزیر بن گئے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ عبیداللہ مایار نے اپریل 2018 میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ووٹ کے بدلے کسی سے پیسے نہیں لیے اور ثبوت کے بغیر کارروائی کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ اگر عمران خان کے پاس میرے خلاف پیسے لینے کے ثبوت ہیں تو سامنے لائیں۔

دیگر لوگوں میں سردار ادریس، دینا ناز اور معراج ہمایون شامل ہیں۔ اس ویڈیو میں پیسے دینے والے افراد کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ ان کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے جبکہ وصول کرنے والوں کا تعلق تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں سے ہے۔

اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد شوکت یوسفزئی نے سماء ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ 2018 کے سینیٹ الیکشن میں 10 کروڑ کی آفر ہوئی تھی اور یہ پیشکش پیپلز پارٹی کی جانب سے ایک خاتون نے کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:پرویزخٹک کے کہنے پر ووٹ فروخت کیا، ارکان کا اعتراف

دوسری جانب وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدقسمتی سے جرم سیاست اور جمہوریت جڑجاتے ہیں۔ شفاف الیکشن ہوگئے تو اسمبلیوں میں بیٹھے سیاستدانوں کی دیہاڑی بند ہوجائے گی۔

اسد عمر نے کہا کہ حکومت کوکوئی گھبراہٹ نہیں ہے۔ انتخاب کو شفاف بنانے کیلئے تمام آئینی اختیارات استعمال کریں گے۔ شفاف الیکشن کیلئےاقدام کوسازش قراردیا جارہا ہے۔ ووٹوں کی خرید و فروخت کا گھناؤنا کھیل ختم کرنا چاہتے ہیں۔

سلطان محمد سے استعفیٰ طلب

ووٹ فروخت کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے سلطان محمد کو وزرات سے ہٹانے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے خیبرپختونخوا کے وزیر قانون سے استعفی لینے کا فیصلہ کرلیا ہے اور وزیراعلی محمود خان کو احکامات دیے ہیں کہ سلطان محمد کو ہٹاکر معاملے کی تفصیلی انکوائری کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ مبینہ وڈیو لیک پر صوبائی وزیر قانون سلطان محمد خان سے استعفی طلب کرکے شفاف انکوائری کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت شفافیت اور یکساں احتساب پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

کب کیا ہوا

سینیٹ کے انتخابات 2018 میں عام انتخابات سے قبل منعقد ہوئے تھے جس میں پیپلز پارٹی کا ایک سینیٹر اضافی منتخب ہوگیا تھا جس پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ تحریک انصاف کے 20 ایم پی ایز نے اپنے ووٹ فروخت کیے ہیں جس پر انہیں شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

عمران خان نے کہا تھا کہ ہمارے ایم پی ایز کو 4، 4 کروڑ روپے میں خریدا گیا۔ ہم ضمیر فروشوں کو پارٹی میں نہیں رکھیں گے۔

You may also like

Leave a Comment