Home » شیری شاہ کا بھی جویریہ اورسعود پرعدم ادائیگی کاالزام

شیری شاہ کا بھی جویریہ اورسعود پرعدم ادائیگی کاالزام

by ONENEWS

سلمیٰ ظفرکے بعداداکارہ شیری شاہ نے بھی جویریہ اور سعود پر معاوضے کی عدم ادائیگی کے الزامات عائد کیے ہیں۔

سلمیٰ نے سوشل میڈیا پر 35منٹ سے زائد دورانیے کے لائیو سیشن میں کہا تھا کہ میں نے جیوانٹرٹینمنٹ پرنشرہونے والے ڈرامے ’’یہ زندگی ہے‘‘ میں 6 سال تک کام کیا، جے جے ایس پروڈکشن کے تحت بننے والے ڈرامے ’’ یہ کیسی محبت ہے ‘‘ کی 500 اقساط میں کام کیا لیکن جویریہ اور سعود اپنے پروڈکشن ہاؤس میں کام کرنے والے فنکاروں اور عملے کو ادائیگی نہیں کرتے۔

اب شیری شاہ نے بھی انسٹاگرام پرشیئرکی جانے والی ویڈیو میں یہی الزام عائد کرتے ہوئے کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ویڈیو کسی کی حمایت یا مخالفت میں نہیں ہے، سلمیٰ ظفرکی ویڈیو دیکھ کر بہت افسوس ہوا میں ان کی تکلیف سمجھ سکتی ہوں کیونکہ میں بھی اسی تکلیف اور دکھ سے گزری ہوں۔

شیری شاہ کے مطابق ” میں نے جے جے ایس کے ساتھ ” یہ زندگی ہے” اور ” یہ کیسی محبت ہے ” کیے جن کے پیسے مجھے نہیں ملے، ایسا نہیں کہ مجھے بالکل ادائیگی نہیں کی گئی، لیکن اب تک کی جو سب سے بڑی رقم مجھے دی گئی وہ ساڑھے 3 لاکھ روپے ہے جبکہ یہ کیسی محبت ہے کی 400 اقساط اور یہ زندگی ہے کی 100 سے زائد اقساط کا تقریبا ایک کروڑ روپیہ بنتا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اب یہ مسئلہ حل ہوجائے گا کیونکہ جے جے ایس کو چینل کی جانب سے ادائیگی کی جارہی تو میری جویریہ سے گزارش ہے کہ مجھ سمیت جس جس کی ادائیگی آپ نے کرنی ہے، آپ اپنی سہولت سے تھوڑے تھوڑے کر کے ہی سہی لیکن سب کے پیسے دے دیں ۔

شیری شاہ نے واضح کیا کہ یہ ویڈیو بنانے سے قبل میں نے کوشش کہ میری رقم مجھے مل جائے لیکن نہ میری کالز سنی جاتی تھیں اور جب میں گھر جاتی تو مجھ سے ملاقات بھی نہیں کی جاتی تھی۔ سلمیٰ ظفر کی ویڈیو دیکھ کرسوچا کہ اس مسئلے کوحل کیا جائے۔ میں نہ تو بدزبانی کررہی ہوں نہ کوئی الزام عائدکررہی ہوں لیکن مجھے میری محنت کے پیسے دے دیں۔

کانٹریکٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کیا کہ آغاز میں ، میں سعود بھائی اور جویریہ کی چھوٹی بہن تھی تو یہی سوچا کہ کہاں جائیں گے، یہ میرا دوسرا گھرہے لیکن میرااعتماد ختم کیا گیا، یہ بات غلط ہے کہ کسی کے پیسے نہیں دینے۔ میں کوئی بدتمیزی نہیں کررہی لیکن سعود بھائی آپ کو میرے 90 لاکھ دینے ہیں۔سلمیٰ ظفر نے جے جے ایس کے ساتھ کئی پراجیکٹس کیے ہیں تو ان کی رقم تو مجھ سے بھی زیادہ ہوگی۔

شیری شاہ نے سعود کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سے رابطہ کریں ، بات کریں۔ کیا میرے پیسے مانگنے سے رشتہ ختم ہوگیا؟ آپ لوگوں نے تو رشتے ہی ختم کردیا، اعتماد کی دھجیاں اڑا دیں، پروڈکشن ہاوسز میں اتارچڑٰھاوآتے ہیں لیکن مسلئے کو حل کرنا چاہیے۔اگر آپ لوگ ادائیگی کرچکے ہیں تو ثبوت سامنے لائیں۔

اختتام پرشیری نے کہا کہ اگر کوئی ایسی بات ہوگی تو اس پراگلی ویڈیو بنائی جائے گی۔

دوسری جانب سلمیہ ظفر کوسانگین کی ضروریات کے بعد امریکہ میں مقیم جویریہ سعود نے اردو نیوزسے گفتگو میں ان تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا تھاکہ سلمی ظفر نے ہمارے ساتھ کئی سال تک کام کیا اگر ہم انہیں پیسے نہیں دے رہے تھے تو انہیں پہلے مہینے ہی کام چھوڑ دینا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ سلمیٰ ظفر ہمارے ہر پراجیکٹ میں آخر تک ہمارے ساتھ رہیں۔ دوسری بات یہ ہے کہ ہم نے ان کے پیسے بہت سال پہلے ہی کلیئر کردیے تھے پتہ نہیں یہ کون سا حساب لگا کر بیٹھی ہوئی ہیں جو اچانک یاد آیا ہے۔

اس بیان کے بعد جویریہ کی جانب سے سلمیٰ ظفرکے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

.

You may also like

Leave a Comment