Home » شوہر کا وینا ملک پر بچے ’اسمگل‘ کرنے کا الزام

شوہر کا وینا ملک پر بچے ’اسمگل‘ کرنے کا الزام

by ONENEWS

وینا ملک کے شوہر اسد خٹک نے الزام عائد کیا ہے کہ وینا نے ان کے بچوں کو غیرقانونی طور پر پاکستان اسمگل کیا ہے۔ اپنے بچوں کی واپسی کیلئے بہت صبر کیا مگر اب پیمانہ لبریز ہوچکا۔ اس لیے وینا ملک کو 50 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔

وینا ملک اور اسد خٹک کی شادی 2013 میں دبئی میں ہوئی تھی۔ ان دونوں کی شادی تاحال برقرار ہے یا علیحدگی ہوچکی، اس بارے میں معلومات دستیاب نہیں مگر شوہر کے حالیہ بیان سے اندازہ ہوتا ہے کہ دونوں علیحدہ ہوچکے ہیں۔

جمعرات کو اسد خٹک نے ٹوئٹر پر تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’بہت سوچا لیکن اب صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا، میری خاموشی کو بزدلی سمجھا گیا۔ مجھے امید ہے کہ ایک باپ کو انصاف ملے گا کیونکہ اللہ کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں۔ جس اذیت سے میں گزر رہا ہوں کسی کو جواب دینا ہوگا۔ میں نے وینا ملک کو 50 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔‘

اسد خٹک نے کہا کہ ’وینا ملک نے ڈیڑھ سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باجود نہ مجھے اپنے بچوں سے ملنے دیا ہے اور نہ بات کرنے دے رہی ہے۔ تنگ آکر مجھے قانونی راستہ اپنانا پڑا اور دبئی کورٹ نے بھی میرے حق میں فیصلہ دیا، لیکن وینا فرار ہوئی اور بچے متحدہ عرب امارات سے پاکستان سمگل کر دیئے گئے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’میرے دونوں بچے امریکن شہری ہیں۔ وینا ملک نے نہ صرف مجھے دھوکا دیا بلکہ دبئی حکومت کو بھی چکمہ دے کر بچوں کو پاکستان لے آئی۔ اب ان سب باتوں کا جواب کورٹ میں دینا ہوگا۔ دو امریکی شہری کس طرح دبئی سے پاکستان اسمگل ہو گئے۔ پاکستانی حکومت کہاں ہے۔‘

اسد خٹک نے الزام عائد کیا کہ ’ان سب کے باوجود میری ہی کردار کشی کی گئی۔ مجھے اور میرے خاندان کو دھمکیاں اور ہراساں کیا گیا۔ میرا کیرئیر تباہ اور میرے ساتھ بازاری زبان استعمال کی گئی۔ لیکن انسان کا سب بڑا اثاثہ اس کی اولاد ہوتی ہے، جن کی آنکھوں سے نور چھن جائے ان کے صبح شام ایک برابر ہوتے ہیں۔‘

ڈیڑھ سال کی خاموشی کی وجہ بتاتے ہوئے اسد خٹک نے کہا کہ ’بہت بڑے نامور لوگوں اور علما کے کہنے پر زبان بند رکھی، بچوں کی خاطر ہر چیز برداشت کی، لیکن وقت آ گیا ہے کہ اس شرمناک عورت کی اصلیت سب کے سامنے رکھی جائے۔ میں آج سوشل میڈیا کے توسط سے ہر اتھارٹی سے درخواست کرتا ہوں، مجھے انصاف دلوائیں۔ مجھے میرے بچے لوٹا دیں۔‘

اسد خٹک نے دبئی عدالت کے احکامات اور بچوں کی شناختی دستاویزات بھی ٹوئٹر پر شیئر کردی ہیں مگر انہوں نے ان نامور لوگوں اور علماء کے نام نہیں بتائے جن کے کہنے پر وہ خاموش تھے البتہ دونوں کا نکاح مولانا طارق جمیل نے پڑھایا تھا۔

شادی کے بعد وینا ملک نے میڈیا کو بتایا تھا کہ میں نے اور میرے شوہر اسد بشیر خٹک نے عالم دین مولانا طارق جمیل سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ دوپہر کا کھانا بھی کھایا۔

مولانا طارق جمیل نے اس وقت کہا تھا کہ وہ خصوصی اجتماع کیلئے دبئی گئے تھے۔ وینا ملک کی شادی سے متعلق پتا چلا تو جن دوستوں کو وینا ملک کا ایڈریس معلوم تھا ان سے کہہ کر ملاقات کا انتظام کرایا۔ ملاقات میں وینا ملک کو شادی کی مبارکباد دی۔ دونوں میاں بیوی کے فیصلے پر حوصلہ افزائی کی۔

وینا ملک نے تاحال اسد خٹک کے الزامات کا جواب نہیں دیا۔

You may also like

Leave a Comment