0

سندھ: کرونا سے 4872 مریض صحتیاب، 25 جاں بحق

سندھ میں کرونا وائرس سے صحتیاب مریضوں کی شرح 65 فیصد تک پہنچ گئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پہلی بار 4872 مریض صحتیاب ہوگئے، 25 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ 1140 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں کرونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال اور عید الاضحیٰ کے موقع پر صوبہ بھر کے مخصوص مقامات پر مویشی منڈیا کے قیام سے متعلق غور کیا گیا۔

اجلاس میں وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، وزیر محنت سعید غنی، وزیر بلدیات سید ناصر شاہ، چیف سیکریٹری سید ممتاز شاہ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، اے سی ایس ہوم عثمان چاچڑ، کمشنر کراچی افتخار شالوانی، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن، سیکریٹری صحت کاظم جتوئی، ڈاکٹر باری، ڈاکٹر فیصل اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کرونا وائرس کی روزانہ صورتحال کی رپورٹ شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ  گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پہلی بار 4872 مریض صحتیاب ہوئے جس کے بعد اب تک صحتیاب مریضوں کی تعداد 70 ہزار 292 ہوچکی ہے جو کل مریضوں کا 65 فیصد ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 25 مریضوں کی اموات کے بعد تعداد 1888 یعنی 1.7 فیصد ہوگئی، 11060 ٹیسٹ کئے گئے جس میں سے کرونا وائرس کے 1140 کیسز کا پتہ چلا جوکہ 10 فیصد شرح ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ اب تک پورے سندھ میں 6 لاکھ 4 ہزار 728 ٹیسٹ کئے گئے ہیں جس کے نتیجے میں  ایک لاکھ 8 ہزار 913 کیسز کی تشخیص ہوئی۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ مجموعی طور پر تشخیصی شرح 18 فیصد پر آگئی ہے، اس وقت 36 ہزار 733 مریض زیرعلاج ہیں جن میں سے 35 ہزار 530 گھروں میں، 87 قرنطینہ مراکز اور 1116 مختلف اسپتالوں میں ہیں جبکہ 763 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، ان میں سے 106 کو وینٹی لیٹرز پر منتقل کردیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ 1140 نئے کیسوں میں سے 522 کراچی سے تعلق رکھتے ہیں، ان میں ضلع شرقی 173، ضلع جنوبی 134، ضلع کورنگی 88، ضلع وسطی 55، ضلع ملیر 39 اور  ضلع غربی 33 شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد میں 56، ٹنڈو الہ یار 36، خیرپور 35، ٹھٹھہ 29، نوشہرو فیروز 27، لاڑکانہ اور جامشورو 25، 25، شہید بینظیر آباد 23، سانگھڑ اور سکھر 22، 22، شکار پور 20، بدین 18، جیکب آباد 15، ٹنڈو محمد خان 13، دادو اور عمرکوٹ 12، 12، سجاول اور میرپورخاص 11، 11، مٹیاری 7، قمبر اور گھوٹکی  4، 4 اور کشمور میں 2 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ایس او پیز پر عمل کریں، باہر جاتے وقت ماسک پہنیں، ہاتھ دھوتے رہیں اور روز مرہ کی زندگی میں سماجی فاصلے کو اپناتے رہیں۔

وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ کرونا وائرس کا اثر زوال کی جانب گامزن ہے لیکن اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ یہ  وبائی مرض ختم ہوچکا ہے۔ اس پر مراد علی شاہ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ ہاٹ اسپاٹ والے علاقوں میں جانچ کا عمل تیز کیا جائے، ہر گھر سے کم از کم ایک فرد کا ان علاقوں میں ٹیسٹ کرنا ضروری ہے جہاں منتخب لاک ڈاؤن نافذ ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ دیہی علاقوں میں ٹیسٹ بڑھا دیئے گئے ہیں، اسی لئے تشخیصی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ مرا دعلی شاہ نے چیف سیکریٹری کے ذریعے پی ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ وہ صوبے کے لوگوں کو ایس ایم ایس سروس کے ذریعے آگاہی دینے کا آغاز کریں، اگر عوام میں سے کسی کو بھی کرونا وائرس کی کوئی علامت محسوس ہوتی ہے تو وہ خود ان کی جانچ کرائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں