Home » سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی انتقال کرگئے

سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی انتقال کرگئے

by ONENEWS

سابق وزیراعظم اور سینئر ترین سیاستدان میر ظفر اللہ جمالی انتقال کر گئے، انہیں اتوار کو عارضہ قلب کے باعث راولپنڈی کے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، ان کی حالت انتہائی تشویشناک تھی اور وہ کئی روز سے وینٹی لیٹر پر تھے۔

سابق وزیراعظم اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینئر سیاستدان میر ظفر اللہ خان جمالی کو اتوار کے روز دل میں تکلیف کے باعث راولپنڈی کے اے ایف آئی سی منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کی حالت تشویش ناک تھی، وہ عارضہ قلب کے ساتھ گردوں کے مرض میں بھی مبتلا تھے۔

میر ظفر اللہ جمالی کو اے ایف آئی سی اسپتال کے سی سی یو منتقل کیا گیا تھا۔ ڈاکٹرز کے مطابق ان کی حالت تشویشناک تھی اور کسی کو ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی۔

پیر کو صدر مملکت عارف علوی نے ان کے انتقال سے متعلق ٹویٹ کیا تھا، تاہم اہل خانہ کی جانب سے تردید کے بعد صدر مملکت نے اپنا ٹویٹ ڈیلیٹ کرکے نیا پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے سابق وزیراعظم کے اہل خانہ سے معذرت کی تھی۔

ظفر اللہ جمالی آج (پیر کو) 76 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، وہ 1944ء میں بلوچستان کے علاقے روجھان کے مذہبی سیاسی اور قبائلی خاندان میں پیدا ہوئے تھے، انہوں نے اپنی تعلیم مری کے لارنس کالج اور لاہور کے ایچی سن کالج سے حاصل کی، بعدازاں گورنمنٹ کالج سے گریجوایشن اور پنجاب یونیورسٹی سے ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کیں۔

میر ظفر اللہ جمالی سابق صدر پرویز مشرف کے دور حکومت میں وزیراعظم پاکستان منتخب ہوئے تھے، وہ 2002ء سے 2004ء تک اس عہدے پر رہے۔ انہوں نے تقریباً 55 برس قبل سیاسی کیرئیر کا آغاز تھا، وہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔

میر ظفر اللہ جمالی نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز پیپلزپارٹی کی حمایتی کی حیثیت سے کیا بعدازاں وہ مسلم لیگ نواز میں شامل ہوگئے تھے۔ وہ دو مرتبہ بلوچستان کے نگراں وزیراعلیٰ بھی رہے، انہوں نے 1999ء میں نواز شریف کی حکومت کا تختہ الٹنے اور شریف خاندان کی جلاوطنی کے بعد مسلم لیگ ق میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔

میر ظفر اللہ جمالی نے پہلی بار 1970ء کے عام انتخابات میں حصہ لیا تاہم ناکام رہے، وہ پہلی مرتبہ 1977ء میں بلوچستان اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔

سابق وزیراعظم پاکستان پیپلزپارٹی، آزاد پاکستان مسلم لیگ، اسلامی جمہوری اتحاد، پاکستان مسلم لیگ ن اور مسلم لیگ ق کا حصہ رہے، وہ حالیہ دنوں میں پاکستان تحریک انصاف کا حصہ تھے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سابق وزیراعظم اور سینئر سیاستدان میر ظفر اللہ جمالی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک فوج نے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے بلند درجات کی دعا کی ہے۔

سینئر سیاستدان چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی نے میر ظفر اللہ خان جمالی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔ چوہدری شجاعت کا کہنا ہے کہ مرحوم کے ساتھ ہمارا دیرینہ تعلق تھا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، گورنر سندھ عمران اسماعیل، عبدالعلیم خان سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی سابق وزیراعظم کے انتقال پر دکھ کا اظہار اور اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔

You may also like

Leave a Comment