0

رات9بجے کی ہیڈلائنز: معیشت کی تباہی، وزیراعظم معافی مانگيں، بلاول

بھارت کے اجرتی دہشت گردوں کےعزائم پھر خاک میں مل گئے، بہادر سیکیورٹی اہلکاروں نے کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ صرف 8 منٹ میں ناکام بنادیا، چاروں حملہ آوروں کو مار گرایا۔ ملے ميں ايک پوليس افسر اور تين  گارڈز شہيد۔ ڈی جی رینجرز میجر جنرل عمر بخاری کہتے ہیں حملہ چینی قونصل خانے پر حملے سے مماثلت رکھتا ہے، ایسا حملہ دشمن ملک کی ايجنسی کے بغير ممکن نہيں۔

کرولا گاڑی میں 4 دہشت گرد آئے، اترتے ہی انددھا دھند فائرنگ کردی، حملے کی ابتدائی رپورٹ تیار۔ دہشت گردوں کے قبضے سے ملنے والے اسلحہ اور گاڑہ کا فرانزک مکمل۔ حملہ آوروں نے گاڑی 7 روز قبل شوروم سے خريدی تھی۔ دہشتگرد بلوچستان کے رہائشی تھے عمریں 25 سے 35 سال کے درمیان تھیں۔ تفتيشی حکام کے مطابق کارروائی را کی مالی معاونت سے کی گئی۔

وطن کے بہادر سپوت بزدل دہشتگردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن گئے، پاکستان  کے ہیرو تھر کے محمد رفیق نے حملہ ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ شہید گارڈ افتخار وحید اور خدا یار بھی دہشتگردوں کے سامنے بہادری سے کھڑے رہے۔ افتخار کو ایک اور خدا یار کو 6 گولیاں لگیں، نجی سیکیورٹی کمپنی کا شہداء کے اہل خانہ کو امداد دینے کا اعلان۔ شہيد پوليس افسر شاہد صرف 2 دن بعد ريٹائرڈ ہونے والا تھا۔

سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کے چوکس رہنے کے باعث حملہ ناکام ہوا، آرمی چیف کا کراچی اسٹاک ایکس چینج پر حملہ انتہائی کم وقت میں ناکام بنانے پر خراج تحسین۔ کہا قوم کے عزم اور شہداء کی قربانیوں کی بدولت امن حاصل کیا۔ اب بھی دہشت گردوں کی ہر کوشش کو ناکام بنائیں گے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے پوری قوم کو اپنے جوانوں پر فخر ہے، شہداء کے لواحقين سے اظہار تعزيت۔

مودی سرکار اپنے ہی بچھائے جال میں پھنسنے لگی، ایک طرف لداخ میں پٹائی، دوسری طرف افغانستان میں امن، تیسری طرف کرونا کے وزن سے دم توڑتی بھارتی معیشت، بھارتی ایجنسی را نیا اسکرپٹ بھی نہ لکھ سکی۔ پٹے ہوئے مہروں سے نئی چال چلی وہ بھی ناکام ہوئی، بزدلوں، قوم کے غداروں سے مل کر جتنا چاہے زور لگالو مگر دھرتی کے رکھوالے مقابلہ کرتے رہیں گے۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن گنتی میں بہت پیچھے رہ گئی، وفاقی بجٹ کثرت رائے سے منظور، حزب اختلاف کے دعوے دھرے رہ گئے، اپوزیشن ارکان حفاظتی شیلڈ پہن کر آئے، حکومت پر کرونا ارکان کو اسمبلی لانے کا الزام۔ مگر وزیراعظم نے اتحادیوں کے ساتھ مل کر بجٹ منظوری کا ہدف آسانی سے حاصل کرلیا۔

وزیراعظم جس چیز کا نوٹس لیتے ہیں وہ مہنگی ہوجاتی ہے، وزیراعظم صاحب نوٹس لینا بند کردیں، معيشت کی تباہی پر عوام سے معافی مانگيں اور قرنطینہ میں چلے جائیں۔ بلاول بھٹو کا قومی اسمبلی میں دھواں دھار خطاب۔ کہا حکومت  طیارہ حادثے کے پیچھے چھپ کر ادارے کی نجکاری کرنا چاہتی ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے اسامہ بن لادن کو شہيد کہنے پر چیئرمین پی پی آگ بگولا ہوگئے۔

بلاول کی تقریر پر مراد سعید کا کرارا جواب، کہا یہ وزیراعظم تو کیا ان کے ایک سپاہی سے مناظرہ نہیں کرسکتے، بھٹو کا اصل وارث زرداری نہیں فاطمہ بھٹو ہے، بلاول ملک بھر میں جس حلقے سے چاہیں میرا مقابلہ کرکے دکھائیں، نون لیگ اور پیپلزپارٹی دونوں نورا کشتی کھیل رہی ہیں، یہ اندر سے ایک ہی ہیں۔

منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی ضمانت میں 7 جولائی تک توسیع، لاہور ہائیکورٹ نے انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کو مسلم لیگ ن کے صدر کرونا ٹیسٹ کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

پاکستان نے ساڑھے 3 ماہ بعد سکھ یاتریوں کیلئے کرتارپور راہداری پھر کھول دی، مودی سرکار کی ہٹ دھرمی جاری۔ اجازت نہ ملنے پر سکھ یاتری نہ آسکے، پاکستانی سکھ یاتری بڑی تعداد میں کرتار پور پہنچے۔

کرکٹ نہيں تو ٹيبل ٹينس اور اسنوکر کھيليں گے۔ انگلينڈ ميں قرنطينہ ميں موجود پاکستانی کھلاڑيوں نے نشانہ بازی بھی شروع کردی۔ قومی کرکٹرز کے کرونا ٹيسٹ بھی مکمل۔ کھلاڑيوں اور آفيشلز کے ٹيسٹ ای سی بی کے ميڈيکل پينل نے لئے۔



Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں