0

رات9بجے کی ہیڈلائنز: اپوزیشن کا بجٹ کیخلاف نیا گٹھ جوڑ

بغیر امتحان دیئے پائلٹس کیسے پاس ہوئے؟ مسافروں کی زندگیوں سے کیسے کھیلا گیاَ؟،  وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کی تہلکہ خیز پریس کانفرنس، کہا مشکوک لائسنس والے پائلٹس کی تعداد 262 ہے، 34 پائلٹوں نے 8 میں سے ایک پرچہ بھی خود نہیں دیا، پی آئی اے کے 141 اور نجی ایئر لائنز کے 19 پائلٹس طیارے نہیں اڑا سکیں گے۔ جعلی لائسنس کے اجرا پر 5 افسران معطل۔ 28 پائلٹس کی جعلی ڈگریوں کا معاملہ کابینہ میں جائےگا، جعلی لائسنس والے نوکریوں سے بھی جائیں گے مقدمات کا سامنا بھی کریں گے۔

سیاسی بساط پر نئی ہلچل، پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی پیش قدمی، بلاول کا شہباز شریف اور دیگر لیڈروں سے رابطہ، بجٹ کو مکمل طور پر مسترد کرنے اور اے پی سی بلانے پر اتفاق، بجٹ منظور کرانے کیلئے وزیراعظم خود میدان میں آگئے۔ مسلسل دوسرے دن بھی پارلیمنٹ میں موجود رہے۔ پارٹی ارکان سے ملاقات میں شکایتیں سنیں اور صاف کہہ دیا پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں۔ اتحادیوں کو بھی ساتھ لےکر چلنے کا عزم۔

موجودہ نظام تعلیم نے قوم کو تقسیم کیا، ایلیٹ کلاس اور مدرسہ کے بچے کو ایک ساتھ بٹھادیں تو ایک دوسرے سے بات نہیں کرسکتے، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا قومی اسمبلی میں خطاب۔ لیگی رکن محسن شاہنواز رانجھا نے معاونین اور مشیروں کو مالیشیے کہہ دیا۔ کہا پاکستان ان لوگوں سے چلائیں جنہوں نے آئین کا حلف اٹھایا ہو، متنازع الفاظ پر حکومتی ارکان کا احتجاج۔

پارک لین ریفرنس میں کرونا اور پائلٹس کی جعلی ڈگریوں کا بہانہ کام نہ آیا، احتساب عدالت نے حالات معمول پر آنے تک فرد جرم ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کردی۔ آصف زرداری پر فرد جرم 6 جولائی کو ویڈیو لنک کے ذریعے عائد کی جائے گی۔ روشن سندھ پروگرام کیس میں نیب نے وزیراعلیٰ سندھ کو چھ جولائی کو طلب کرلیا۔ پہلی پیشی پر نیب نے 28 سوالات پر مشتمل سوال نامہ دیا تھا

تیس جون تک اندازے سے کم کیسز ہوں گے لیکن خطرہ ابھی ٹلا نہيں ہے، عوام نے احتیاط کی تو خطرے سے جلد نکل آئیں گے۔ وفاقی وزیر اسد عمر کہتے ہیں جولائی ميں اسپتالوں کو مزيد سہوليات فراہم کريں گے، صحت کا شعبہ مفلوج نہيں ہوگا۔

اسمارٹ لاک ڈاؤن کے ساتھ ملک بھر میں کرونا ٹیسٹ کی تعداد بھی کم ہوگئی، 19 جون کو 31 ہزار سے زائد ٹیسٹ ہوئے آج تعداد 21 ہزار رہ گئی، بختاور بھٹو کی وفاقی حکومت پر تنقید، کہا حکومت شتر مرغ کی طرح سَر ريت ميں دبانے کی پاليسی پر کاربند ہے۔ لیکن بختاور سندھ کو بھول گئیں، صوبے میں ٹیسٹ کی تعداد تقریباً 60 فیصد کم ہوگئی، 19 جون کو 13 ہزار سے زائد ٹيسٹ ہوئے اور آج صرف 5 ہزار ٹيسٹ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ٹیسٹ کم ہونے کا اعتراف کرلیا۔

پاکستانی سیاست کا ایک اور اہم باب بند، جماعت اسلامی کے سابق امیر سید منور حسن طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے، نماز جنازہ کل بعد نماز ظہر عید گاہ گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی۔ صدر مملکت عارف علوی، وزرائے اعلیٰ، شہباز شریف، بلاول بھٹو زرداری اور چوہدری برادران کا اظہار تعزیت۔ سندھ اسمبلی میں منور حسن کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے متفقہ قرارداد منظور۔

باہر نکليں تو کرونا کی وباء، گھر پر رہيں تو شديد گرمی ميں بجلی غائب، کراچی والوں کی پریشانی کم نہ ہوسکی۔ وزیراعلیٰ سندھ کی طویل لوڈ شیڈنگ پر وفاقی حکومت کی مذمت، کہا کراچی ہاٹ اسپاٹ ہے، شہریوں کو پریشان نہ کیا جائے۔ وفاقی حکومت نے شہریوں کو ریلیف کی کوششیں تیز کردیں۔ کے الیکٹرک کو قومی گرڈ سے 500 میگاواٹ بجلی اور اضافی فرنس آئل دینے کا اعلان۔ کے الیکٹرک نے آئندہ 48 گھنٹوں میں بحران پر قابو پانے کا دعویٰ کردیا۔

تاریخ پہ تاریخ، تاریخ پہ تاریخ، پشاور کے شہریوں کیلئے بُری خبر، کچھوے کی چال سے بڑھنے والا بس ریپڈ منصوبہ مزید تاخیر کا شکار، وزيراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کنٹریکٹر کو مزيد 3 ماہ کی مہلت دے دی۔ کنٹریکٹر نے کرونا کے باعث منصوبہ متاثر ہونے کا مؤقف اپنایا تھا۔ صوبائی حکومت نے منصوبہ 10 جون تک مکمل ہونے کی تاریخ دی تھی۔

بھارتی وزیراعظم مودی نفسیاتی مریض ہے جو بھارت کو تباہی کی طرف لے جارہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کا مظفر آباد میں احساس پروگرام کی تقریب سے خطاب۔ کہا پہلے بھی کہا تھا کہ کشمیر کا سفیر بنوں گا، پوری دنیا کو مظالم سے آگاہ کررہا ہوں، آزادی مارچ نے کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا۔

کرونا وائرس کے باعث کھيلوں کی  سرگرمياں متاثر، کراچی میں ميدان ويران ہوئے تو گراؤنڈز کے باہر کچرے کے ڈھير لگ گئے، يو بی ايل اور کسٹم اسپورٹس کمپليکس کے اطراف کچرا ہی کچرا ہے۔

دورۂ انگلینڈ کیلئے کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مکمل ۔۔ پہلا ٹیسٹ پازیٹو آنے پر دس کھلاڑیوں کے دوبارہ ٹیسٹ لئے گئے، محمد حفیظ، وہاب ریاض، شاداب خان اور حارث رؤف بھی شامل، کل رپورٹ آنے کے بعد حتمی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔



Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں