Home » دورہ نیوزی لینڈ:شعیب ملک،محمدعامر اور اسد شفیق ٹیم سے ڈراپ

دورہ نیوزی لینڈ:شعیب ملک،محمدعامر اور اسد شفیق ٹیم سے ڈراپ

by ONENEWS

دورہ نیوزی لینڈ کے لئے پاکستان کے اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ٹیم میں 5 اسپنر اور 10 فاسٹ باولر شامل کئے گئے ہیں۔ ٹیم میں 6 اوپنرز، 11 مڈل آرڈر بلے بازاورتین وکٹ کیپر شامل ہیں۔ شعیب ملک ، محمد عامر اور اسد شفیق ٹیم سے ڈراپ کردئے گئےہیں۔ محمد رضوان ٹیسٹ ٹیم اور شاداب خان ٹی ٹونٹی ٹیم کے نائب کپتان ہوں گے۔ پاکستان شاہین میں روحیل نذیر کپتان اور حیدر علی نائب کپتان ہوں گے۔مصباح الحق نےکہا ہے کہ بابر اعظم جب سے کپتان بنے ہیں ان کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے۔

بدھ کو ہيڈکوچ اور چيف سليکٹر مصباح الحق نے پريس کانفرنس میں دورہ نيوزی لينڈ کے لئے35رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ہیڈکوچز، اعجاز احمد اور ثقلین مشتاق سے مشاورت کے بعد اسکواڈ کو حتمی شکل دی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ میں فخرزمان، امام الحق، شان مسعود،عبداللہ شفيق، ذيشان ملک شامل ہیں۔بابراعظم، اظہرعلی، دانش عزيز، فواد عالم، حيدر علی بھی اسکواڈ میں شامل کئے گئے ہیں۔حارث سہيل، حسين طلعت،عمران بٹ، افتخاراحمد بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔ خوشدل شاہ، محمد حفيظ، محمد رضوان، روحيل نذير بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

سابق کپتان سرفرازاحمد کی بھی قومی اسکواڈ ميں واپسی ہوگئی ہے۔ان کے علاوہ عماد وسيم، شاداب خان، عثمان قادر، ياسرشاہ، ظفر گوہر بھی بطور اسپنر ٹیم میں شامل کئے گئے ہیں۔

فاسٹ بالرز میں عماد بٹ، فہيم اشرف، حارث رؤف، محمد عباس، محمد حسنين بھی شامل کئے گئے ہیں۔ ان کے علاوہ محمد موسی،نسيم شاہ، شاہين آفريدی، سہيل خان اوروہاب رياض بھی شامل کئے گئے ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کوویڈ 19 کے باعث ہمیں نیوزی لینڈ میں 14 روزہ قرنطینہ کی مدت پوری کرنی ہے، دورہ نیوزی لینڈ کےلیے  ہم نے دو مختلف ٹیموں پر مشتمل ایک مکمل اسکواڈ تشکیل دیا ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن میں شامل نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز ہمارے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں، امید ہے کہ قومی کھلاڑی عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔

چیف سلیکٹر نے کہا کہ وہ عماد بٹ، دانش عزیز، عمران بٹ اور روحیل نذیر جیسے نوجوان کھلاڑیوں کو دورہ نیوزی لینڈ کے لئے اسکواڈ میں شمولیت پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، ان کھلاڑیوں کی قابلیت اور تکنیکی صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کھلاڑی قومی کرکٹ ٹیم کی بینچ اسٹرینتھ ہیں اور انہیں اسی لیے دیگر چند کھلاڑیوں کی طرح خصوصی طور پر پاکستان شاہینز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ اسد شفیق کو غیرتسلی بخش   بیٹنگ فارم کے باعث اسکواڈ سے ڈراپ کیا گیا ہے، وہ اپنی آخری 15 اننگز میں 510 رنز ہی بناسکے ہیں، جس میں سے دورہ انگلینڈ پر صرف 67 رنز بنائے گئے۔ چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ نے کہا کہ اسد شفیق ایک تجربہ کار بلے باز ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ فرسٹ کلاس  کرکٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرکےسرفراز احمد کی طرح اپنی کھوئی ہوئی فارم واپس حاصل کرسکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے شعیب ملک اور محمد عامر کی جگہ نوجوان کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے،یہ فیصلہ ہم نے آئندہ  چند سالوں میں پانچ بڑے ایونٹس پر مبنی شیڈول کو سامنے رکھ  کر کیا ہےجبکہ محمد حفیظ اور وہاب ریاض کو اسکواڈ میں برقرار رکھنے کی وجہ ان کی کارکردگی میں تسلسل ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ ملک بھر میں جاری ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 21-2020  میں تین اسپنرز، نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود  نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں  ،بدقسمتی سے ہمیں دورہ نیوزی لینڈ کے لیے 12 اکتوبر تک 45 ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست بھجوانا تھی تاہم  ان تینوں کھلاڑیوں کی کارکردگی سے ہمارے اسپن ڈیپارٹمنٹ کے پول کو مزید وسعت ملی ہے، جس کا فائدہ ہمیں آئندہ سیریز میں ضرور ہوگا۔

اسکواڈ میں شامل کھلاڑی قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان شاہینز دونوں کے لیے دستیاب ہوں گے۔ قومی اسکواڈ 23 نومبر کو لنکن روانہ ہوگا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین 3 ٹی ٹونٹی اور 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز 18 دسمبر سے 7 جنوری تک جاری رہے گی۔ اس دوران پاکستان شاہینز کو 2 چار روزہ  اور 4 ٹی ٹونئٹی میچز کھیلنے ہیں۔ پاکستان شاہینز کےدورہ نیوزی لینڈ کی مکمل تفصیلات نیوزی لینڈ کرکٹ جلد جاری کردے گا۔

.

You may also like

Leave a Comment