0

دن 12بجےکی ہیڈلائنز: ڈینیئل پرل کیس کی سماعت ستمبرتک ملتوی

کراچی ميں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ ناکام، چاروں دہشت گرد مارے گئے۔ سيکيورٹی فورسز نے صورتحال پر قابو پالیا۔ حملے ميں ايک پوليس افسر اور دو اہلکار شہيد۔ پاک فوج سميت سيکيورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر موجود۔ علاقے کو ٹريفک کے لئے بند کرديا گيا۔ حملہ را فنڈڈ تنظيموں کے طريقے سے مماثلت رکھتا ہے۔ سماء نے پچھلے ہفتے ہی اس پر پروگرام کیے تھے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ نے اسٹاک ايکسچينج کی عمارت کلیئر قرار دے دی۔ دہشت گردوں سے ملنے والے دستی بم ناکارہ بنا ديے گئے۔ دہشتگردوں سے چار بيگ، پانی کی بوتليں اور پيٹرول کی بوتليں مليں۔ سيکيورٹی اہلکاروں نے ايک گارڈ کو حراست ميں لے ليا۔ اسٹاک انتظاميہ کے مطابق ایکسچینج کے کمپاؤنڈ پر حملہ ہوا تھا جسے چند منٹوں ميں ناکام بنا ديا گيا۔

حملے کے باوجود پاکستان اسٹاک مارکيٹ ميں کاروبار چلتا رہا۔ کاروبار کے دوران ہنڈريڈ انڈیکس میں پينتاليس پوائنٹس کا اضافہ۔ انڈيکس تينتيس ہزار کی سطح پر موجود رہا۔ کرونا کے باعث زيادہ تر لوگ گھر سے ٹريڈنگ کر رہے ہيں۔

پاک فوج کی دشمن پر گہری نظر۔ لائن آف کنٹرول پر ايک اور بھارتی کواڈ کاپٹر مار گرايا۔ آئی ايس پی آر کے مطابق کواڈ کاپٹر کو تتہ پانی سیکٹر میں نشانہ بنايا گيا۔ رواں برس پاک فوج کی طرف سے گرایا گیا یہ نواں بھارتی کواڈ کاپٹر ہے۔

روز صبح خبر ملتی ہے کہ آج جا رہا ہوں کل جا رہا ہوں۔ آج سمجھوتہ کرلوں تو پانچ سال باآسانی پورے کرسکتا ہوں۔ ياد رکھيں ميرے علاوہ اور کوئی چوائس نہيں، باقی سب آزمائے ہوئے ہيں۔ وزيراعظم عمران خان کا اراکين اسمبلی کے اعزاز ميں عشائيہ سے خطاب۔ کہا چینی اور طيارہ حادثے کی رپورٹ پر بہت دباؤ تھا۔ چاہتا تو کئی چیزیں چھپا سکتا تھا۔

وفاقی بجٹ دو ہزار بیس اکیس کی حتمی منظوری کا مرحلہ آن پہنچا۔ قومی اسمبلی میں آج فنانس بل کی منظوری ہوگی۔ حکومت اور اپوزیشن نے اپنے اپنے اتحادیوں کو اعتماد میں لے لیا۔ اپوزيشن کا قومی اسمبلی ميں حکومت کو ٹف ٹائم دينے کا پلان۔ حکومتی ترجمان شبلی فراز کہتے ہیں بجٹ باآسانی منظور ہو جائےگا، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے۔

متحدہ اپوزيشن نے بجٹ مسترد کرديا۔ پيپلز پارٹی چئيرمين بلاول بھٹو کا شہباز شریف کے صحتیاب ہوتے ہی اے پی سی بلانے کا اعلان۔ پريس کانفرنس ميں کہا کہ مشکل صورتحال ميں عوام پر مزيد بوجھ ڈالا گيا۔ بجٹ نے پورے پاکستان کو حکومت کے خلاف کردیا ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت سے جتنی جلدی ہو جان چھڑائی جائے تا کہ بچا کچھا پاکستان بچ جائے۔

ڈينئيل پرل کيس میں سپريم کورٹ نے سندھ حکومت کی حکم امتناع کی استدعا مسترد کر دی۔ جسٹس یحییٰ خان آفریدی نے ريمارکس میں کہا کہ ملزمان کی بریت کے بعد آپ انکو کیسے دہشتگرد کہہ سکتے ہیں۔ ذہن میں رکھیں ملزمان کو ایک عدالت نے بری کیا ہے، کيس کی سماعت ستمبر تک ملتوی۔

کرتار پور راہداری کو آج ساڑھے تین ماہ بعد دوبارہ کھول دیا جائے گا۔ کرتارپور گردوارا میں سکھ مہا راجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریب ہوگی۔ پاکستان سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ یاتری دعائیہ تقریب میں شرکت کریں گے۔ سيکيورٹی کے سخت انتظامات۔

ملک ميں کرونا کيسز کی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ اموات کی تعداد بھی چار ہزار سے زائد ہوگئی۔ گزشتہ چوبيس گھنٹوں کے دوران اننچاس افراد جاں بحق، تين ہزار پانچ سو ستاون متاثر ہوئے۔ سندھ ميں اسی ہزار، پنجاب ميں چوہتر ہزار، کے پی ميں پچيس ہزار اور بلوچستان ميں دس ہزار سے زائد کيسز رپورٹ۔

اگر رواں ہفتے بھی کيسز کم رفتار سے رپورٹ ہوئے تو ہم يہ کہہ سکتے ہيں کہ کرونا کی پيک ختم ہوگئی۔ معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا کی پروگرام نيا دن ميں گفتگو۔ کہا کہ اسپتالوں سے مکمل رابطے ميں ہيں۔ اسپتالوں پر دباو ميں کمی آئی، مريض کم ہوئے۔ ايکٹمرا کا استعمال ٹرائل بنيادوں پر ہے۔ پلازما تھراپی کے مثبت نتائج آرہے ہيں۔ پلازمہ تھراپی کی اجازت صرف مخصوص اسپتالوں کو ہے۔

پنجاب کے بيشتر شہروں ميں مون سون کی بارش۔ اسلام آباد اور لاہور کے کئی علاقوں ميں بادل برس پڑے۔ گرمی کی شدت کم ہوگئی۔ کے پی، بلوچستان اور گلگت بلتستان ميں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پيش گوئی۔ سندھ ميں شديد گرمی کا راج۔ کراچی ميں بوندا باندی۔ موسم خوشگوار ہوگيا۔ سڑکوں پر پھسلن کے باعث ٹريفک حادثات۔



Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں