Home » خیبرپختونخوا نیشنل ٹی20 کپ کا نیا چیمپئن بن گیا

خیبرپختونخوا نیشنل ٹی20 کپ کا نیا چیمپئن بن گیا

by ONENEWS

فخر زمان اور شعیب ملک کی جارحانہ بیٹنگ اور شاہین شاہ آفریدی کی عمدہ باؤلنگ نےخیبرپختونخوا کونیشنل ٹی 20 کا نیا چیمپئن بنادیا۔ایونٹ کےفائنل میں 10 رنز سے شکست کھانے والی سدرن پنجاب کی ناقص فیلڈنگ شکست کی بنیادی وجہ بنی۔

راولپنڈی میں اتوار کی رات دو سوسات رنز کے تعاقب میں سدرن پنجاب کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر 196رنز ہی بناسکی۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں سدرن پنجاب کےابتدائی 3 کھلاڑی محض 34 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئے، جس کے بعد حسین طلعت نے 33 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 63 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی ۔ انہوں  نےخوشدل شاہ کے  ہمراہ  چوتھی وکٹ کے لیے 74 رنز کی شراکت قائم کی۔ خوشدل شاہ 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

میچ کے اختتامی اوورز میں محمد عمران نے 13 گیندوں پر 4 چھکے اور 2 چوکے لگا کر 38 رنزکی ناقابل شکست اننگز کھیلی تاہم وہ ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرنے  میں ناکام رہے۔ فاسٹ باؤلرز شاہین شاہ آفریدی اور وہاب ریاض نے  3،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس سے قبل سدرن پنجاب کے کپتان شان  مسعود نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا توخیبرپختونخوا کے اوپنرز فخر زمان اور محمد رضوان نے  عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 76 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ کپتان محمد رضوان 25 کے انفرادی اسکور پر پویلین واپس لوٹےمگربائیں ہاتھ کےاوپنرنے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ جاری رکھا،انہوں نے 7 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 67 رنز بنائے۔

افتخار احمد ایک کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے تو تجربہ کار شعیب ملک اور محمد حفیظ نے  خیبرپختونخوا  کی کمان سنبھال لی۔ دونوں بلے بازوں نے 26 گیندوں پر 51 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا مجموعہ 200 کے پار پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ شعیب ملک نے 22 گیندوں پر 4 چھکوں اور 3  چوکوں کی مدد سے 56 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ محمد حفیظ 38 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ آخری اوور کی صرف 2 گیندوں کا سامنا کرنے والے مصدق احمد 7 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

خیبرپختونخوا نے مقررہ بیس اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے۔سدرن پنجاب کے زاہد محمود، عامر یامین اورمحمد عمران نے  ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ میں دھواں دھار نصف سنچری اور باؤنڈری لائن پر حسین طلعت کا شاندار کیچ پکڑنےپرشعیب ملک کومین آف دی فائنل کا ایوارڈ دیا گیا۔

ایونٹ میں تقریباَ 90 لاکھ  روپے کی انعامی رقم تقسیم کی گئی،جہاں چیمپئن  ،خیبرپختونخوا کی ٹیم  50 لاکھ روپے کی انعامی رقم کے ساتھ ساتھ چمچاتی ٹرافی کی حقدار ٹھہری۔سدرن پنجاب  کو 25 لاکھ روپے اور رنرزاپ ٹرافی دی گئی۔

ایونٹ کے بہترین کھلاڑی،وکٹ کیپر،بیٹسمین اور باؤلر کو ایک ایک لاکھ روپے کا انعام دیا گیا۔ ایونٹ کے 12 میچوں میں 420 رنز بنانے والے فخر زمان کوایونٹ کا بہترین کھلاڑی اور ٹورنامنٹ کا بہترین بیٹسمین قرار دیا گیا۔خیبرپختونخوا کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو 10 میچوں میں 20 وکٹیں حاصل کرنے پرایونٹ کا بہترین باؤلر قراردیا گیا۔ 12میچوں میں 10 کیچز اور2 اسٹمپس کرنے پر خیبرپختونخوا کے محمد رضوان  کو بہترین وکٹ کیپرکا ایوارڈ دیا گیا۔ایونٹ کی بہترین فیلڈنگ سائیڈ کا ایوارڈ بھی خیبرپختونخوا کےنام رہا۔

.

You may also like

Leave a Comment