Home » باقی سب خیر ہے!

باقی سب خیر ہے!

by ONENEWS

آقا نے اپنے نوکر کو گاؤں بھیجا تاکہ اس کے خاندان کی خبر لے آئے۔اس کا گاؤں کافی دور تھا۔تجارت کی غرض سے کافی عرصے سے اس کا گاؤں جانا نہیں ہوا تھا۔نوکر اعتماد والا تھا۔ اس نے کچھ نقدی اور اہل خانہ کے لیے کچھ تحائف بھی بھیجے تھے۔اب اسے بے تابی سے انتظار تھا کہ نوکر واپس آئے تو گھر کے حالات سن کر اسے تسلی ہو تاکہ وہ پوری توجہ کاروبار کی جانب مبذول کرسکے۔خدا خداکر کے وہ دن بھی آن پہنچاجب شام کے وقت نوکر گاؤں سے واپس آگیا۔

آقا: ”ہاں جی! گاؤں سے واپس آگئے ہو۔اب بتاؤ گھر میں خیر خیریت ہے؟“

نوکر:”جی حضور! سب کچھ ٹھیک ٹھاک ہے۔فکر کی کوئی بات نہیں۔گھر کی رکھوالی کے کوئی کتا بھیج دیتے تو بہتر تھا“

آقا:”کیوں؟ پرانے کتے کو کیا ہوا؟ کیا وہ ٹھیک سے رکھوالی نہیں کر رہا؟“

آقا:”مالک! وہ پرانے والا کتا تو مر گیا۔باقی سب ٹھیک ہے‘۔‘

آقا:”کیا؟میرا کتا مر گیااورتم کہہ رہے ہو کہ سب ٹھیک ہے۔ کیسے مرا وہ؟“

نوکر:”اس کے گلے میں ہڈی پھنس گئی تھی۔مالکن نے علاج تو کافی کرایا لیکن کوئی افاقہ نہ ہوا اور وہ مر گیا۔لیکن آپ پریشان نہ ہوں! باقی سب ٹھیک ہے۔“

آقا:”ہڈی؟ کس کی ہڈی؟“

نوکر:”وہ آپ کے گھوڑے کی ہڈی“

آقا:”کیا؟ میرا گھوڑابھی مرگیا ہے؟لیکن وہ کیسے مرا؟ اسے کیا ہواتھا؟“

نوکر:”جی مالک! وہ بھی مرگیا ہے اور بغیر گھاس کھائے وہ زندہ رہ بھی کیسے سکتا تھا؟ لیکن آپ بے فکر ہوجائیں باقی سب ٹھیک ہے“

آقا:”لیکن میں تو اتنی وافر مقدار میں گھر میں گھاس کا انتظام کر کے آیاتھا۔ وہ ساری گھاس ایک مہینے میں کیسے ختم ہوگئی؟“

نوکر:”مالک! وہ گھاس تو جل گئی؟جب ساراگھر جل گیا تو بھلاگھر میں پڑی گھاس کیسے بچ سکتی تھی؟ہاں! باقی سب ٹھیک ہے“

آقا:”کیا؟ میرا گھر بھی جل گیا؟لیکن میرے گھر والوں کا کیا بنا؟“

نوکر:”مالک! آپ کا بیٹا بھی مرگیالیکن باقی سب ٹھیک ہے“

آقا:”کیا؟ میرا اکلوتا بیٹا بھی مرگیا؟لیکن کیسے“

نوکر:”بیچارہ ماں کا غم برداشت نہ کرسکا“

آقا: کیا؟ میری بیوی بھی مر گئی مگر کیسے“

نوکر:”جی ہاں حضور! جب آگ لگی تو وہ گھر کے اندر ہی تھیں۔لیکن ہاں! اس کے علاوہ باقی سب کچھ ٹھیک ہے“۔

عربی ادب کی یہ کہانی ان دنوں مجھے اس لیے یاد آئی کہ کچھ عرصہ پہلے کسی سے پوچھتے کہ بلوچی قومی دھارے میں واپس آگئے ہیں، بلوچستان میں امن قائم ہو گیا ہے، اب وہاں کسی ادارے پر حملے نہیں ہوتے، بجلی اور سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کم ہو گئی ہے، کراچی میں تاجر وں کی بیرون ملک روانگی میں کمی جبکہ اعتماد اور وطن واپسی میں اضافہ ہو گیا ہے، ملک میں دھماکوں کی تعداد میں کمی آگئی ہے، روس ہمارے قریب آرہا ہے، ملک میں ترقی کا ایک دور شروع ہے، معیشت بہتر ہو گئی ہے، سرحدوں پر جنگ کے خطرات بھی کم ہوگئے ہیں اورپاناما میں نواز شریف کا نام بھی نہیں ہے تو اس کا جانااورنااہل ہونا ضروری کیوں ٹھہرا؟ جواب ملتا تھا کہ اگر نوازشریف چلا جائے تو سب ٹھیک ہو جائے گا۔ اب کسی سے پوچھوکہ پہلے تو نواز شریف رکاوٹ تھا۔اب تو وہ چلا گیا ہے تو کیا پاناما میں موجود لوگوں کا احتساب ہو گیاہے؟کیا ”سب“کا احتساب ہو گیا ہے؟ قانون کی نظر میں سب برابر ہو گئے ہیں؟ معیشت ٹھیک ہوگئی ہے؟ ڈالر کی قیمت کم ہوگئی ہے؟

دنیا سے سفارتی تعلقات اتنے خراب کیوں ہوئے کہ کشمیر کے معاملے پر سوائے چند ممالک کے پوری دنیا انڈیا کی طرفدار ہو گئی؟ افغانستان آپ پر اعتبارکرنے کو تیار ہو گیا ہے؟ امریکا آپ پر پھول برسانے کو تیار ہے؟ طالبان آپ کے دوست بن گئے ہیں؟ بین الاقوامی برادری میں آپ کی عزت بڑھ گئی ہے؟ کشمیرکا مسئلہ بھی اس وجہ سے خراب تھا کیونکہ نواز شریف مودی کا یار تھا، کیا آپ نے وہاں سال سے لگا ہوا کرفیو ختم کرالیا ہے؟چینی مافیا کی پشت پناہی اب کو ن کرتا ہے؟آٹا مافیا کو پکڑنے سے کس نے روک رکھا ہے؟اب تو نون لیگ کی حکومت نہیں تو پھر ڈیزل پٹرول کی قیمتیں کون اور کیوں بڑھا رہا ہے؟کیا ہر روز ہونے والی منی لانڈرنگ رک گئی ہے َ؟کیا بیرون ملک پڑے اربوں ڈالر واپس آ گئے ہیں؟کیا پندرہ ارب میں پشاور میٹرو بن گئی ہے؟بجلی کی قیمتیں کم ہو گئی ہیں؟سبز پاسپورٹ کی عزت بحال ہو گئی ہے؟پہلے توخاقان عباسی نے اپنی ایئر لائن کی خاطر PIAکا بھٹا بٹھا رکھا تھا اب اسے پوری دنیا میں کس نے بین کرایا ہے؟بیروزگاری کو بڑھاوا دینے والا اب کون ہے؟پہلے تو ٹیکس لگا کر نوازشریف جیب بھرتا تھا اب یہ پیسا کس کی جیب میں جا رہا ہے؟تعلیمی بجٹ کو بڑھانے سے اب کس نے روک رکھا ہے؟کیاملک میں پروٹول کی لعنت ختم ہو گئی ہے؟بلین ٹری لگ گئے؟ہزاروں ڈیم بن گئے؟حاکم وقت عدالتوں میں پیش ہو رہا ہے؟سرکاری خرچے پر مشاعرے کیوں ہوئے؟افطار پارٹیاں سرکاری خرچ سے کیوں ہوئیں؟اس سے ملتا ہوا کوئی سا بھی سوال کسی سے پوچھیں تو جواب ملتا ہے کہ نواز شریف چلا گیا باقی سب ٹھیک ہے۔

مزید :

رائےکالم

You may also like

Leave a Comment