Home » اداکاروں سے ملاقات: لوگ وزیراعظم کی ترجیحات سے ناخوش

اداکاروں سے ملاقات: لوگ وزیراعظم کی ترجیحات سے ناخوش

by ONENEWS

وزیراعظم عمران خان سے ترک ڈرامہ ارطغرل غازی کی بانی ٹيم کے ايگزيکٹو پروڈيوسر کمال تیکدین کی قيادت ميں ملاقات کی۔ اس موقع پر تحریک خلافت کے مشہور کردار ترک لالہ پر مجوزہ مشترکہ ٹیلی ویژن سیریز پر تبادلہ خيال کیا گیا۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے کہ کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر ہزارہ برادری 10 لاشوں کے ہمراہ دھرنا دے کر بیٹھی ہے۔ وفاقی وزراء، صوبائی حکومت اور اپوزیشن رہنماؤں کی درخواست پر مظاہرین نے شہدا کی تدفین سے انکار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم آکر انہیں انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائیں۔

مگر وزیراعظم عمران خان نے تاحال کوئٹہ جانے کا ارادہ ظاہر نہیں کیا۔ گزشتہ روز انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شہدا کے لواحقین سے درخواست کی تھی کہ وہ بعد میں ان سے ملاقات کیلئے آئیں گے۔ فی الحال شہدا کی تدفین کردیں۔

ایسی صورتحال میں پوری قوم نظریں لگاکر بیٹھی ہے کہ وزیراعظم کب کوئٹہ پہنچ کر بحرانی کیفیت کا خاتمہ کرتے ہیں مگر آج ہی وزیراعظم عمران خان کی ترک اور پاکستانی اداکاروں کے ساتھ ملاقات کی تصاویر جاری ہوئی ہیں جس پر سوشل میڈیا صارفین نے تنقید کی ہے۔

صحافی اجمل جامی نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ مغربی بائی پاس پر منتظر لواحقین کو اس ملاقات سے کیا پیغام دینا مقصود ہے۔ اور کچھ نہیں تو یو ٹیوبرز سے ہوئی کل کی ملاقات کی طرح اسے بھی ایک دو روز پبلک نہ کرتے تو کیا ہرج تھا۔

اس ٹوئٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ وزیراعظم نے کل پارٹی کے میڈیا سیل سے وابستہ یوٹیوبرز سے بھی کل ملاقات کی ہے مگر مچھ سانحہ کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے منظر عام پر لانے سے اجتناب کیا ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے اس ملاقات کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں ایسی کون سی بری بات ہے۔ اسلام کی اور اپنے اسلاف  کی سر بلندی کے لئیے ڈرامہ جو ادب کی ایک اعلی قسم ہے، اس پر نشست کرنا کب سے برا ہو گیا۔ میرا نہیں خیال اس میں کوئی بھی برائی ہے۔

ان کے ایک فالور نے انہیں جواب دیا ہے کہ ’گل صاحب بات برائی کی نہیں بلکہ اخلاقیات اور اقدار کی ہے۔ کسی کی فوتگی پت کوئی جگتیں لگائے یا غیرسنجیدگی دکھائے تو کیسا لگے۔ ایک طرف لوگ لاشیں رکھ کے رو رہے اور وزیراعظم صاحب انٹرٹینمنٹ کی نشست کرے، یہ چیز اس وقت مناسب نہیں۔

سماجی کارکن میری جیمز گل نے لکھا ہے کہ ’جس ملک پر عمران خان جیسے بے حس اور نااہل انسان کو بطور وزیراعظم مسلط کر دیا جائے، سمجھ لیں کہ اس ملک کی کئی نسلوں نے بے حسی کو پروان چڑھانے میں اپنا حصہ ڈالا تھا۔‘

دوسری جانب صدر مملکت عارف علوی نے آج بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کا دورہ کرکے مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا مگر انہوں نے بھی کوئٹہ جانے سے گریز کیا۔

You may also like

Leave a Comment